ویڈیو میں مختصر تعارف
فقہ اسلامی میں زندگی کے ہر شعبے کی طرح تجارت و کاروبار کے شعبے سے متعلق قرآن و حدیث کی تصریحات اور فقہاء اسلام کی تحقیقات کی شکل میں جو ذخیرہ موجود ہے ۔ اس کی حیثیت ایک ایسے جامع اور مکمل قانون تجارت کی ہے، جس کی جامعیت، ترتیب و توازن اور باریک بینی کی مثال دنیا کے کسی بزنس لاء میں نہیں ملتی، لیکن بد قسمتی سے اسلام کے دوسرے شعبوں کی طرح یہ شعبہ بھی برسوں سے انحطاط کا شکار ہے ۔ ادھر بازاروں، مارکیٹوں اور کاروباری دنیا میں تجارت اور بزنس کی نئی شکلیں اور صورتیں رائج ہو چکی ہیں اور مالی معاملات کے طریقوں میں اس کمیونیکیشن کے دور میں جدت اور تیز رفتاری آچکی ہے۔ ان حالات کے تناظر میں معاملات مالیہ کے احکام کو ایک مستقل مضمون کی حیثیت دے کر تفصیل و تحقیق کے ساتھ پڑھنے پڑھانے کی ضرورت ہے۔ چنانچہ اس حوالے سے مختلف اکابر عرصہ دراز سے اس فکر میں تھے کہ دینی مدارس کے نصاب میں معاملات مالیہ کو خصوصی اہمیت دی جائے۔ اس فکر کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جامعۃ الرشید نے اپنے سلسلہ تخصصات میں ایک منفرد تخصص کا اضافہ کرتے ہوئے ’’ فقہ المعاملات المالیہ ‘‘ کا اجرأ کیا۔ اس کورس میںکلاسیکل فقہی مآخد کے ساتھ اسلامک بینکنگ، تکافل، انٹرنیشنل ٹریڈ اور فنانس کے معاملات شرعی تناظر میں پڑھائے جاتے ہیں اور الغزالی یونیورسٹی سے انگلش برج پروگرام, ایم ایس اسلامک بینکنگ اور فائنانس کروایا جاتا ہے۔